اسلام آباد( تصور نیوز! رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ سپیکر نے کہا کہ محمود اچکزئی کوپرسوں بطور اپوزیشن لیڈر نوٹیفکیشن ہو جائے گا۔
ایاز صادق سے ملاقات میں پیپلز پارٹی ارکان بھی موجود تھے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے محمود خان اچکزئی کے نوٹیفکیشن کی یقین دہانی کروائی ہے، اگر محمود اچکزئی حکومت یا کسی جماعت سے بھی بات چیت کریں ہمیں کوئی اعتراض نہیں، جب بانی پی ٹی آئی نے محمود اچکزئی کو اختیار دیا تو ہمیں بھی ان پر اعتماد ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کو آگاہ کیا کہ سابق اپوزیشن لیڈر کی نااہلی کے بعد چیف وہپ اپوزیشن و رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر کی طرف سے متعلقہ دستاویزات کی فراہمی کے بعد اب اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔
سپیکرنے اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے حوالے سے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریقہ کا 2007ء کا قاعدہ نمبر 39 کا ذیلی قاعدہ نمبر 2 ایوان میں پڑھ کر سنایا۔سپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کو آگاہ کیا کہ اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے لیے اپنی تجاویز آج بروز منگل، 13 جنوری، شام تین بجے تک جمع کرائے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مزید بتایا کہ 14 جنوری کو نامزدگیوں پر دستخطوں کی تصدیق اور گنتی کی جائے گی، جس کے بعد اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا اعلان کیا جائے گا۔