کراچی (رپورٹنگ ٹیم ) کراچی بار ایسوسی ایشن نے گل پلازہ متاثرین اور تاجروں کی مفت قانونی معاونت کا اعلان کر دیا۔
کراچی بار کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لیے کراچی بار ایسوسی ایشن نے سینئر وکلا اور قانونی ماہرین پر مشتمل خصوصی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، جو تمام متاثرین کو عدالتوں اور متعلقہ فورمز پر مفت قانونی معاونت فراہم کرے گی۔
کسی بھی متاثرہ فرد کو مالی کمزوری یا وسائل کے باعث انصاف سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔ کراچی بار کے جنرل سیکرٹری رحمن کو رائی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی بارگل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے رنج کا اظہار کرتی اور متاثرین سے مکمل یکجہتی کا اعلان کرتی ہے۔
گل پلازہ محض ایک تجارتی عمارت نہیں تھا بلکہ کراچی کی معاشی اور ثقافتی شناخت کا ایک اہم حصہ تھا، جو دہائیوں سے ہزاروں خاندانوں کا ذریعہ روزگار رہا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف اور آزادانہ تحقیقات کے بغیر حتمی رائے قائم کرنا ممکن نہیں، تاہم بادی النظر میں یہ سانحہ نظامی اور ادارہ جاتی ناکامیوں کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔
یہ کوئی اچانک حادثہ نہیں بلکہ مسلسل غفلت، کمزور طرز حکمرانی اور انسانی جانوں سے لا پرواہی کا منطقی نتیجہ ہے۔ کراچی بار مطالبہ کرتی ہے کہ گل پلازہ کی فوری تعمیر نوحکومتی وسائل سے کی جائے۔ تمام متاثرہ تاجروں، مزدوروں اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو مکمل اور منصفانہ معاوضہ دیا جائے۔
انہوںنے کہا کہ ذمہ داران کے تعین کے لیے شفاف ، آزادانہ اور فوری انکوائری کرائی جائے، اور مستقبل میں ایسے سانحات سے بچاؤ کے لیے فائر سیٹیا اور ریگولیٹری قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔


