اسلام آباد (تصور نیوز) وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیرصدارت سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صحت کے شعبے سے متعلق پانچ منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اقدامات ا ڑان پاکستان سوشل سیکٹر ڈرائیو کے تحت عوام مرکز ترقی کو ترجیح دیتے ہیں، جن کا مقصد سستی صحت کی سہولیات کی فراہمی، تباہ کن طبی اخراجات میں کمی اور کمزور خاندانوں کو مالی تباہی سے بچانا ہے۔
وفاقی وزیر برائے قومی صحت مصطفیٰ کمال نے ذاتی طور پر اجلاس میں شرکت کی اور اپنی وزارت کے منصوبوں کی حمایت اور توجیہ پیش کی۔
اجلاس میں سی ڈی ڈبلیو پی نے تین منصوبوں کی منظوری دی جن کی مجموعی لاگت 12.52 ارب روپے ہے۔ اس کے علاوہ 56.82 ارب روپے لاگت کے دو بڑے منصوبے مزید غور کے لیے ای سی این ای سی کو بھجوا دیے گئے۔
وفاقی وزیر نے صحت کو بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ا ڑان پاکستان میں عوام کو اولین ترجیح حاصل ہے۔”نظرِ ثانی شدہ فریم ورک کے تحت صحت سہولت پروگرام ترقیاتی بجٹ کے ذریعے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں یونیورسل بنیادوں پر نافذ کیا جا رہا ہے۔
یہ پروگرام سوشل ہیلتھ پروٹیکشن انیشی ایٹو کے تحت کام کر رہا ہے اور نادرا ریکارڈ کے مطابق شامل اضلاع میں تمام مستقل رہائشی خاندانوں کو ان ڈور صحت کی سہولیات کے لیے ہیلتھ انشورنس کوریج فراہم کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔
چیئرمین سی ڈی ڈبلیو پی احسن اقبال نے شہریوں کے بنیادی حق کے طور پر قابلِ رسائی، سستی اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔