لاہور: (تصور نیوز) ہال روڈ مارکیٹ میں کروڑوں کا فراڈ کرکے دو ملزم فرار ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ سبحان اور صدام نامی دو افراد نے ہال روڈ میں سولر پلیٹس اور انورٹرز کی دکان قائم کر رکھی تھی، دونوں ملزم سولر پلیٹس کی فروخت کے نام پر دکانداروں اور خریداروں سے بھاری رقوم وصول کرتے رہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین روز سے دونوں ملزم دکانوں کو تالے لگا کر غائب ہیں، واقعے کے بعد متاثرہ دکانداروں نے تھانہ میں رپورٹیں جمع کرا دی ہیں۔
پولیس نے مزید بتایا کہ اب تک تقریباً 2 کروڑ روپے مالیت کے فراڈ سے متعلق رپورٹس موصول ہو چکی ہیں جبکہ تاجر تنظیموں کا دعویٰ ہے کہ فراڈ کی مجموعی رقم 15 سے 20 کروڑ روپے تک ہو سکتی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ معاملے کی تحقیاقت شروع کر دی گئی ہے اور شواہد مکمل ہونے کے بعد جلد مقدمہ درج کر لیا جائے گا۔
عوامی حلقوں کا بھی کہنا ہے کہ فراڈ کرنے والے ملزموں کو کسی بھی صورت معاف نہ کیا جائے اور ان کو پکڑ کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔