اسلام آباد (تصور نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے صوبوں کو خسارے والے پینل سولر پر لانے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعظم شہبازشریف کی زیر صدارت ملک کے دور دراز علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے سولرائزیشن اور بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، خیبر پی کے اور بلوچستان کے چیف سیکرٹریز کے علاوہ اعلیٰ سرکاری حکام شریک تھے۔
محمد شہبازشریف نے ہدایت کی کہ زیادہ خسارہ کرنے والے بجلی کے فیڈرز کمیونٹی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے شمسی توانائی پر منتقل کیے جائیں، اس اقدام سے خسارے میں چلنے والے فیڈرز کے نقصانات میں کمی ہوگی اور ان علاقوں میں بجلی مسلسل میسر ہوگی۔
وزیراعظم نے پیسکو (PESCO) اور کیسکو (QESCO) کے زیادہ نقصان میں چلنے والے فیڈرز میں فی الفور پائیلٹ پراجیکٹس کا اجرا کرنے اور پائلٹ پراجیکٹس کو کامیاب بنانے کے لیے علاقے کے منتخب نمائندوں سے مشاورت اور کمیونٹی کی شرکت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ اجلاس کو پیسکو اور کیسکو کے خسارے میں چلنے والے فیڈرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ایسے فیڈرز کی شمسی توانائی پر منتقلی سے مقامی آبادی کیلئے ایک ماحول دوست، کم لاگت اور پائیدار مائیکرو گرڈ بن جائے گا۔ مقامی آبادی، صوبائی اور وفاقی حکومتیں اس منصوبے میں شراکت دار ہوں گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے سے نہ صرف کم لاگت بجلی پیدا ہوگی بلکہ مستقبل میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں نمایاں کمی ہوگی۔
منصوبے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پائلٹ پراجیکٹ پر فوراً کام شروع کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں 2نئی ٹیموں کی شمولیت سے گراس روٹ کی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو ابھرنے میں مدد ملے گی۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ بڈنگ کے لئے بین الاقوامی فرمز سامنے آئیں، اس عمل سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ ملا۔ سمندر پار پاکستانیوں نے ہمیشہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔